نئی دہلی،24؍جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو من کی بات پروگرام کے ذریعہ ملک کے عوام سے خطاب کیا ۔ وزیر اعظم مودی کے من کی بات پروگرام کا یہ 45واں ایپی سوڈ تھا۔ من کی بات پروگرام میں وزیر اعظم مودی نے ہندوستان - افغانستان کے درمیان ہوئے تاریخی ٹیسٹ میچ کا تذکرہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ ٹیم انڈیا کے کھیل جذبہ کی بھی تعریف کی ۔
خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی نے جی ایس ٹی کی پہلی سالگرہ سے قبل اس کی کامیابی کا سہرا ریاستوں کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا کہ ون نیشن ون ٹیکس ملک کے لوگوں کا خواب تھا ، جو اب حقیقت میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ جی ایس ٹی کی کامیابی کیلئے ریاستوں نے مل کر کام کیا اور اسے کامیاب بنایا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر کے دوران دنیا بھر میں منائے گئے یوم یوگا کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یوم یوگا پر الگ ہی نظارہ تھا ، جب پوری دنیا متحد نظر آئی ۔ دنیا بھر میں یوم یوگا کو پورے جوش کے ساتھ منایا گیا ۔ سعودی عرب میں پہلی مرتبہ تاریخی پروگرام ہوا اور مجھے بتایا گیا ہے کہ بہت سارے آسن خواتین نے کئے ۔